Saturday, 17 May 2025, 10:15:44 am
 
آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی فتح، ملک بھر میں یوم تشکرمنایا گیا
May 16, 2025

دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعائوں سے ہوا۔

 اس موقع پر نماز فجر کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اکتیس جبکہ صوبائی دارلحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

 لاہورمیں یوم تشکر کے سلسلے میں آج مزار اقبال پر ایک تقریب ہوئی۔

 اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورفاتحہ خوانی کی۔

وزیراعلی سیکرٹریٹ میں بھی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعلی مریم نوازشریف نے  کابینہ کے ارکان کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا ۔

کراچی میں سندھ سیکرٹریٹ پرسچائی کی جنگ کے نام سے ریلی نکالی گئی جس میں وزیراعلی  سید مراد علی شاہ نے قومی پرچم لہرایا۔

 اس موقع پرانہوں نے صوبے میں بھارتی حملے کے دوران شہید ہونے والوں کے خاندانوں کیلئے فی کس ایک کروڑ روپے اور زخمیوں کیلئے فی کس دس لاکھ روپے کا اعلان کیا۔

خیبرپختونخوا میں گورنر ہائوس میں پشاور میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جہاں گورنر فیصل کریم کنڈی نے قومی پرچم لہرایا۔

 صوابی میں کرنل شیر خان شہید کے مزار پر بھی ایک تقریب ہوئی۔

انسپکٹرجنرل فرنٹیر کور نارتھ میجر جنرل انجم ریاض نے مزار پر پھولوں کی چادرچڑھائی اورفاتحہ خوانی کی۔

گلگت  بلتستان کے شہر سکردو میں یادگار شہدا پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی ۔

گلگت  بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ نے شہدا کی یادگار پرپھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔

گلگت  کے تاریخی چنار باغ میں بھی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی ۔

تقریب کے دوران وزیراعلی حاجی گلبر خان نے پرچم لہرایا اور شہدا کی قربانیوں کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے گلگت  کے چنار باغ میں بھی یادگار شہدا پرپھولوں کی چادر چڑھائی۔