دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی جارحیت کے پیش نظر اپنی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل اکاون کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کرنے پر مجبور ہو گیا۔
آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان کا ردعمل نپا تلا تھا جس میں صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان کے موثر جوابی حملوں سے اس کی دفاعی صلاحیت کی ساکھ کو تقویت ملی اور بھارت کی روایتی برتری کا خواب اور خطے میں بالادستی قائم کرنے کے اس کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے۔
پاک بھارت کشیدگی پر امریکی صدر کے بیان سے متعلق انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت کے ساتھ بات چیت کے لیے صدر ٹرمپ کے اعلان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ جوہری مقام سے کسی بھی قسم کی تابکاری کی بھارتی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات جسے مبینہ طور پربھارت نے نشانہ بنایا تھا من گھڑت اور مضحکہ خیز ہیں۔