امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے نیویارک میں مقیم انویسٹمنٹ بینکرز، آئی ٹی پروفیشنلز اور بزنس لیڈرز کے ساتھ ملاقات کی۔
قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور تجارت اور سرمایہ کاری کے قونصلر عدنان محمود اعوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے ملک میں کاروبار موافق ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے حکومت پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔
انہوں نے پاکستان کی لبرل سرمایہ کاری پالیسیوں، جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے گیٹ وے کے طور پر ملک کی اسٹریٹجک جغرافیائی پوزیشن، اور یورپی یونین کے ساتھ جی ایس پی پلس اور چین سے فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے کاروباری برادری کے لئے فوائد پر روشنی ڈالی۔
شرکاء نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اپنے کاروباری معاملات میں درپیش چیلنجوں پر بات کی ۔
سفیر پاکستان نے انہیں پاکستان میں متعلقہ شراکت داروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطوں کو آسان بنانے کی پیشکش کرتے ہوئے سفارت خانے اور قونصلیٹ کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔