Friday, 16 May 2025, 03:59:41 pm
 
وزیراعظم کا کامرہ ائربیس کا دورہ، دشمن کے غرور کو خاک میں ملانے والے شاہینوں کی تعریف
May 16, 2025

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیاء میں امن کی خاطر بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے یہ بات آپریشن بنیان المرصوص کے دوران بھارتی لڑاکا طیارہ مار گرانے پر ان کے اعزاز میں کامرہ ائربیس کے خصوصی دورے کے دوران پاک فضائیہ کے پائلٹس اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر بات چیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے ہونی چاہئے۔

شہبازشریف نے کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی مسئلہ کے حل تک زندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پرپہلگام واقعے کا غلط الزام لگایا گیا ہے اور پاکستان نے اس واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی لیکن بھارت نے تحقیقات کی بجائے جارحیت مسلط کردی۔

دورے کے موقع پر وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور بہادری کی تعریف کی جن کے تیز اور فیصلہ کن اقدام نے کے دوران دشمن کے فضائی غلبے کا غرور خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ چھ مئی سے 10مئی تک بھار ت کے ساتھ جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت نے پوری دنیا کو حیران کردیا اور پاکستانی افواج کی جوابی کارروائی سے دشمن کو پیچھے ہٹنا پڑا۔

شہبازشریف نے کہا کہ دشمن کو واضح پیغام دیدیا ہے کہ وہ پاکستان پر میلی نظر ڈالنے سے گریز کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے چھ جنگی طیارے مار گرائے۔