وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی خود کفالت کے حصول کیلئے زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
آج(جمعرات) اسلام آباد میں زرعی شعبے میں اصلاحات کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کی تیز تر ترقی کیلئے زرعی شعبے کی وسیع صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کسانوں کو آسان شرائط پر زرعی قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ملکی پیداوار بڑھانے کیلئے زرعی تحقیق پر توجہ مرکوز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ زرعی صنعتی ترقی کیلئے ایک پائیدار اور طویل مدتی پالیسی تشکیل دیں جس کا مقصد ملک میں زراعت اور جنگلات کا فروغ اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنا ہو۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے متعلقہ فریقین کی مشاورت سے ایک مربوط حکمت عملی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صوبوں سے مشاورت بھی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ زرعی شعبے کے حوالے سے زرعی جدت کا قومی منصوبہ پیش کریں۔
وزیر اعظم نے زرعی بیجوں کی جانچ کے نظام میں جاری اصلاحات میں تیزی لانے اور اعلی معیار کے بیجوں کے فروغ کے حوالے سے موثر لائحہ عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔