Friday, 16 May 2025, 02:21:16 pm
 
پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں،رضوان سعید شیخ
May 16, 2025

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس امر کا اعتراف نہ صرف انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی بلکہ امریکہ کی جانب سے بھی بارہا کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوہری صلاحیت کے حوالے سے ہمارا قومی رویہ مصمم اور انتہائی قابل اعتبار ہے۔

سفیرپاکستان نے متعدد مثالوں کا حوالہ دیتے ہوئے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ جوہری مواد کے حوالے سے بھارت کا رویہ اور طرز عمل قابل تشویش رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال بھارت کے بھابھا ایٹمی ریسرچ سینٹر سے تابکاری آلہ چوری ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ ہماری روایتی اور غیر روایتی صلاحیتیں دفاع اور امن کے فروغ سے عبارت ہیں۔ ہم نے دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ ہماری صلاحیتوں کے نتیجے میں امن کا قیام ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا خطہ کسی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کا فروغ اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ تجارتی ذہن رکھتے ہیں۔ پاکستان اپنی استعداد کو بروئے کار لا کر امریکی منڈی کی ضروریات پوری کر سکتا ہے۔

سفیرپاکستان نے کہا کہ سکیورٹی کے ساتھ ساتھ معدنیات، آئی ٹی اور زراعت جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان نے اپنی تکنیکی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، جس سے ان شعبوں میں پاک،امریکہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔