قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ ریکوڈک مائننگ پراجیکٹ میں سعودی عرب کی ممکنہ سرمایہ کاری سے متعلق بات چیت جاری ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری میاں خان نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب سے مذاکراتی ٹیمیں مذاکرات میں مصروف ہیں اور اس معاملے پر پیشرفت ہورہی ہے۔
وزیرتوانائی سردار اویس لغاری نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ سال جون سے دوسویونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے ایک کروڑ اسی لاکھ صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں چھپن فیصد کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین اور کاشتکاروں کیلئے بجلی کی قیمتوں میں مجموعی طورپر بیس فیصد جبکہ صنعتوں کیلئے اکتیس فیصد کمی کی گئی ہے۔
سردار اویس لغاری نے کہا کہ ملک میں آئندہ تین برسوں کیلئے سات ہزار میگاواٹ اضافی بجلی دستیاب ہے۔
انہوں نے کہاکہ صنعتوں کو بجلی کی قیمتوں میں مزید سہولت فراہم کرنے کیلئے ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے ایوان کو بتایا کہ سکھر، حیدرآباد، کراچی موٹر وے ملک کی معیشت کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔
انہوں نے کہا اس منصوبے کو ترجیح دی گئی ہے ۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس منصوبے کو ہرقیمت پرمکمل کیاجائے گا چاہے اس کیلئے بیرونی فنڈنگ حاصل کرنی پڑے یاسرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام سے اس کیلئے فنڈ مختص کیئے جائیں۔
ایوان کا اجلاس اب کل دن گیارہ بجے ہوگا