یوم تشکر کے سلسلہ میں مرکزی تقریب میونسپل کمیٹی میانوالی میں منعقد ہوئی۔
سابق صوبائی وزیر اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی امانت اللہ خان شادی خیل ، ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ ، ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ محمد اجمل اور شہداء کے اہل خانہ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی۔
سنٹرل جیل پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔
طلبا و طالبات نے تقاریر اور ملی نغموں کے ذریعے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ جرات اور صلاحیتوں کی بدولت دشمن تین دن سے زیادہ مقابلہ کی ہمت نہ کرسکا اور شکست تسلیم کرلی جس پر آج قوم اللہ کا شکر ادا کر رہی ہے۔
سابق صوبائی وزیر امانت اللہ خان شادی خیل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان اور حکومت کے ساتھ ہے اور اسی یکجہتی کی بنا پر دشمن پر فتح حاصل ہوئی۔
شہید میجر بابر نیازی کی بیوہ نے ریڈیو پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میجر بابر شہادت کے لیے تھے اور انہوں نے یہ رتبہ حاصل کیا ۔ شہید کی بیوہ ہونے کے ناطے وہ شکر ادا کرتی ہیں کہ اللہ نے پاکستان کو فتح عطا کی اور دشمن کا سر نیچا کیا۔