Saturday, 21 December 2024, 04:53:00 pm
 
روس کا پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو توسیع دینے پر اظہار آمادگی
December 11, 2019

روس نے صنعت ، زراعت ، توانائی ، ادویات اور ریلوے سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے پرآمادگی ظاہر کی ہے ۔اس خواہش کا اظہار روس کے وزیرتجارت ڈینس VALENTINOVICH نے آج اسلام آباد میں پاکستان اور روس کے بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس میں کیا ۔بعد میں حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیرتجارت نے کہاکہ ہم اسٹیل ملز کی بحالی اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے پاکستان کو تعاون فراہم کریں گے۔انہوں نے نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن بچھانے سمیت پاکستان کی ارضیاتی استعداد کار بڑھانے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ۔ ڈینس VALENTINOVICH نے کہاکہ روس جہاز سازی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے انہوں نے کہاکہ زراعت کے شعبے میں بھی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اقتصادی امور کے وزیر حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو تزویراتی شراکت داری میں بدلنے کا خواہش مند ہے ۔انہوں نے کہاکہ تجارت ، کاروباری تعلقات اور عوامی سطحوں پر رابطوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔اقتصادی امور کے وزیر نے کہاکہ پاکستان کو کاروبار میں سہولت فراہم کرنے والے دس سرفہرست ممالک میں شامل کیاگیا ہے۔انہوں نے روس کی کمپنیوں پرزوردیا کہ وہ پاکستان کے تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔حماد اظہر نے کہاکہ پاکستان اقتصادی زون کے قیام میں تعاون بڑھانے کا بھیخواہاں ہے۔

فریقین نے دونوں ملکوںکے درمیان وسیع تعاون اور نجی شعبے کی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے ذریعے باہمی تجارت کے موجودہ رقم کو بڑھا کر دوطرفہ صلاحیتوں کے مطابق اس کے حقیقی مقام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا۔روس نے پاکستان کو ماسکو میں روڈشو کرنے کی دعوت دی تاکہ روس کے نجی شعبے کو پاکستان میں نئے امکانات تلاش کرنے کے مواقع فراہم کئے جا سکیں۔