Friday, 18 October 2024, 11:21:35 am
 
عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے پُر امن حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے، حریت کانفرنس
October 07, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری سرکاری ملازمین کی معطلی اور آزادی پسندوں کی جائیدادیں ضبط کرنے کی مذمت کی۔

انہوں نے اعادہ کیا کہ کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور بھارت کے ظالمانہ اقدامات بھارتی غلامی سے آزادی کے لئے کشمیریوں کے عزم کو غیر متزلزل نہیں کرسکتے۔

حریت ترجمان نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے فوری مداخلت کریں۔

ادھر بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے خلاف سرینگر سمیت مقبوضہ جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا جن میں سکھوں سمیت مختلف مذاہب کے نمائندوں نے شرکت کی۔

قابض حکام نے کل ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے موقع پر مقبوضہ علاقے میں سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

سیکورٹی کے کئی حصار قائم کئے گئے ہیں جن میں پہلا حصار سینٹرل آرمڈ پولیس فورس کا، دوسرا بھارتی پولیس اور تیسرا حصار بھارتی فوج کے اہلکاروں کا ہے۔