Wednesday, 13 November 2024, 11:22:08 am
 
کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم شہدائے جموں منایا
November 06, 2024

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری نومبر 1947میں جموں خطے میں لاکھوں مسلمانوں کے قتل عام کی یاد میں آج(بدھ کو) یوم شہدائے جموں منایا گیا۔

یہ دن شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے انکی جدوجہد کے عزم کو مضبوط کرتا ہے۔

نومبر 1947 میں لاکھوں مسلمانوں کو ڈوگرہ فورسز، بھارتی فوج اور ہندوانتہا پسندوں نے پاکستان ہجرت کرنے کے دوران شہید کردیا تھا۔

یہ قتل عام دوسری عالمی جنگ کے بعد نسلی کشی کے بڑے واقعات میں سے ایک ہے۔ اس قتل عام کا مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا تھا۔

آزاد جموں وکشمیر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی شہدائے جموں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مظاہروں، سیمناروں اور خصوصی دعائیہ اجتماعات سمیت دیگر تقریبات منعقد کی گئیں۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے 1947میں جموں میں قتل عام کے شہدا کی برسی کے موقع پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیری عوام شہدا ء کے مشن کو حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

بھارت کی تہاڑ جیل سے اپنے الگ الگ بیانات میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اورشبیر احمد شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام جموں کے شہدا کی بے مثال قربانیوں کا بے حد احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری پر زوردیاکہ وہ کشمیر میں مزید خونریزی روکنے کیلئے اقدامات کرے۔

ادھر آزاد جموں وکشمیر میں دن کا آغاز مساجد میں پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر کی سا لمیت اور خوشحالی اور بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی جلد آزادی کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوا۔

کشمیر لبریشن سیل، حریت اور مذہبی تنظیموں کے زیر اہتمام ریاست کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں ریلیاں، مظاہرے اور احتجاجی جلسے منعقد ہوئے۔

ریاستی دارلحکومت مظفرآباد میں جموں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پاسبان حریت جموں وکشمیر کی جانب سے ایک سیمینار اور ریلی کا اہتمام کیا گیا۔

سیمینار میں مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا جس کے بعد ایک ریلی نکالی گئی۔

مقررین نے اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ انیس سونواسی کے بعد ایک لاکھ سے زائد شہریوں اور جموں کے قتل عام پر بھارتی حکمرانوں اور دہشتگرد تنظیموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔