بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج نے بانڈی پورہ، پلوامہ، پونچھ اور دیگر اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے وادی کشمیر میں گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ بھی تیز کر دیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا ہے گیا کہ مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے دریغ قتل عام جاری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرینگر اور اسلام آباد اضلاع میں حالیہ الگ الگ کارروائیوں کے دوران تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔
رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ خون ریزی بند کرانے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
ادھر نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے ایک بیان میں ریاستی درجے کی بحالی کا اپنا مطالبہ دہرایا۔
انہوں نے کہا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی براہِ راست زیر انتظام علاقے کی حیثیت کو مسترد کرتے ہیں۔
ممتاز کشمیری رہنما میر واعظ مولوی محمد احمد شاہ اسلام آباد میں انتقال کر گئے ہیں۔
وہ میر واعظ مولوی محمد یوسف شاہ کے صاحبزادے اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کے چچا تھے۔
ان کی نماز جنازہ جامع مسجد، بحریہ انکلیو اسلام آباد میں ادا کی گئی ۔ مرحوم کی غائبانہ نماز جنازہ کل پیر کو جامع مسجد سری نگر میں ادا کی جائے گی۔