Friday, 09 May 2025, 10:07:03 pm
 
عازمین حج کے دوران قومی تشخص برقراررکھیں،سرداریوسف
April 29, 2025

مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر سردار محمد یوسف نے عازمین حج پر زور دیا ہے کہ وہ سعودی قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے حج کے دوران قومی امیج کو برقرار رکھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ریڈیو پاکستان کے نمائندے عبدالرحمن چیمہ سے خصوصی انٹرویو میں کیا۔

وفاقی وزیر نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ سعودی حکام کی طرف سے جاری کردہ تمام قواعد و ضوابط اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں کیونکہ یہ حج کے احسن انعقاد کے لیے بنائے گئے ہیں۔

اس مقدس سفر کے لیے منتخب ہونے پر زائرین کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ وہ اپنے ملک کے سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے انہیں نصیحت کی کہ وہ مقدس سرزمین پر قیام کے دوران دعاں پر پوری توجہ مرکوز رکھیں۔

اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے بارے میں بات کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے سعودی قیادت کی طرف سے اللہ کے مہمانوں کے لیے کیے گئے غیر معمولی انتظامات کو سراہا۔ انہوں نے تمام عازمین کے آرام، حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ان کی مسلسل کوششوں پر روشنی ڈالی۔

مذہبی امور کے وزیر نے ریڈیو پاکستان کی وسیع رسائی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان بھر کے زائرین کے لیے آگاہی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ یہ مشترکہ اسلامی اقدار پر مبنی ہیں۔

مزید برآں، انہوں نے زائرین پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی، امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے دعا کریں۔