وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ انسانی سمگلنگ کے قبیح کاروبار میں ملوث تمام افراد کو ایک ہفتے میں گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے آج (جمعہ کو)اسلام آباد میں انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے جائز ہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انسانی سمگلر کے خلاف قانونی کارروائی کو زیادہ موثر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے تمام افراد کے ویزوں کی جانچ پڑتال اور دوسرے قواعد کو بھی زیادہ موثر بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک سے انسانی سمگلنگ کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔
شہباز شریف نے یہ ہدایت بھی کی کہ انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے پائیدار حل تلاش کرنے کے لئے وزیر داخلہ کی قیادت میں ایک کمیٹی قائم کی جائے۔
وزیراعظم کوملک سے انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے کیے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
انہیں رواں ماہ یونان کے قریب تارکین وطن کی کشتی کے سانحے میں جاں بحق پاکستانیوں کی شناخت اور ان کی میتوں کو وطن واپس لانے کے بارے میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔