اطلاعات ونشریات کی وزیر مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی زیرقیادت موجودہ حکومت پاکستان کی معیشت بحال کرے گی اور لوگوں کو خوشحال بنائے گی۔
آج(اتوار) لاہورمیں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ حکومت رمضان المبارک میں معاشرے کے مستحق افراد کو مفت آٹا فراہم کررہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے زیرقیادت پاکستان مسلم لیگ نون کی سابقہ حکومت نے ملک کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر ڈالا اوراس وقت معیشت چھ فیصد شرح نمو کے ساتھ فروغ پارہی تھی جبکہ عمران خان نے پاکستان کومہنگائی،بے روزگاری اور غربت کے مسائل کے ساتھ پیچھے دھکیلا۔
انہوں نے کہاکہ نوجوان روزگار پروگرام سمیت پی ٹی آئی کے دور حکومت کے تمام پروگرامز درحقیقت نواز شریف کے دور حکومت میں ہی شروع کئے گئے تھے۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ لاہورکے لوگوںنے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور اس کے دس نکاتی ایجنڈے کو کل مینار پاکستان پر مسترد کردیا ہے۔