Sunday, 26 July 2026, 02:57:14 am
 
جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا
July 25, 2026

سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں ایک چیک پوسٹ پر بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت چار خوارج کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد بارودی مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو چیک پوسٹ کی حدود سے باہر ہی تباہ کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ابتدائی کارروائی کے بعد کیے گئے کلیئرنس آپریشن میں قریبی عمارت میں چھپے مزید تین دہشت گردوں کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔

علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔