Monday, 09 December 2024, 10:53:20 pm
 

مزید خبریں

 
مودی سرکارغیر قانونی اقدامات کو جواز بخشے کیلئے انتخابات کا ڈھونگ رچا رہی ہے،حریت کانفرنس
May 25, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی حکومت اپنے فوجی قبضے کو برقرار رکھنے اور علاقے میں اپنے غیر قانونی اقدامات کو جواز بخشنے کے لیے ڈھونگ انتخابات کا استعمال کر رہی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کی موجودہ سنگین صورتحال کے بارے میں دنیاکو گمراہ کرنے کے لئے علاقے میں پارلیمانی انتخابات کا ڈرامہ رچا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی فوجی حکمرانی کے تحت مسلسل ظلم وستم اورقتل وغارت سمیت بے پناہ مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری انتخابات کے لیے نہیں بلکہ بھارتی تسلط سے آزادی کے حصول کی جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ اس مقدس مقصد کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ادھر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے پولیس کے ہاتھوں اپنے پارٹی کارکنوں اور پولنگ ایجنٹس کی گرفتاری کے خلاف آج ضلع اسلام آباد کے علاقے بج بہاڑہ میں احتجاجی دھرنا دیا۔ انہوں نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی ہو رہی ہے اور اس میں لیفٹیننٹ گورنر اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سمیت تمام سینئر افسران ملوث ہیں۔ بھارتی فوج نے ضلع ڈوڈہ کے علاقے بھدرواہ میں گھروں پر چھاپوں کے دوران محمد سلیم اور محمد یعقوب نامی دو نوجوانوں کو گرفتار بھی کر لیا۔