Friday, 27 December 2024, 12:08:24 pm
 
بی جے پی جھوٹے بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کررہی ہے، حریت کانفرنس
December 26, 2024

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کہا ہے کہ بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے اپنے جھوٹے بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت اپنے بے بنیاد بیانیے کو فروغ دینے کیلئے سچائی اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی زمینی صورتحال مقبوضہ علاقے میں صورتحال ٹھیک ہونے کے جھوٹے بھارتی بیانیے کی نفی کرتی ہے اور حالات پرامن ہونے کا بھارتی دعوی ایک بھونڈے مذاق کے سوا کچھ نہیں۔ ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لے اورتنازعہ کشمیر کو اپنی متعلقہ قراردادں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔

ادھرکشتواڑ، پونچھ ، راجوری ، ادھمپور ،کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ اور دیگر اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیاںجاری ہیں۔

بھارتی اہلکارگھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو شدید ہراساں اور گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑ کرتے ہیں، اور لوگوں کو شدید سردی میں گھروں سے باہر گھنٹوں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور کرتے ہیں۔

بھارتی فورسز کی ان ظالمانہ کارروائیوں کا واحد مقصد کشمیریوں کو غیر قانونی بھارتی قبضے کو چیلنج کرنے کی پاداش میں ان کو سزا دینا ہے۔