Monday, 23 December 2024, 01:15:06 am
 
نادرا لوگوں کے شناختی کارڈز سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے،وزیر داخلہ کی ہدایت
December 22, 2024

وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے نادرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ لوگوں کے شناختی کارڈز سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔

انہوں نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نادرا مرکز کے دورے کے دوران عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور کہا کہ مرکز کی صفائی ستھرائی کا عمل مزید بہتر بنایا جائے۔

اس سے قبل انہوں نے کراچی میں عوامی مرکز میں پاسپورٹ آفس کا دورہ کیا اور لوگوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معائنہ کیا۔

انہوں نے لوگوں سے بات چیت کی اور پاسپورٹ حاصل کرنے کے عمل اور انہیں درپیش دیگر مسائل کے بارے میں پوچھا۔

وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ ان کا پاسپورٹ آ فس کا دورہ شہریوں کو خدمات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے کیے گئے اقدامات کا حصہ ہے۔

انہوں نے عملے کی لگن اور کارکردگی کو بھی سراہا۔