Tuesday, 03 December 2024, 04:30:12 pm
 

مزید خبریں

 
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پارلیمانی انتخابات سے قبل بھارتی فوجیوں کی اضافی نفری تعینات
May 18, 2024

فائل فوٹو

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتیہ جنتاپارٹی کی زیر قیادت حکومت نے بارہمولہ، کپواڑہ، بانڈی پورہ اور بڈگام اضلاع میں پیر کو بھارتی پارلیمانی انتخابات کے ایک اورمرحلے سے قبل بھارتی فوجیوں کی اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔

ان سخت حفاظتی اقدامات کا اصل مقصد کشمیریوں کو ڈرادھمکاکر ہندوتوا بی جے پی کی اتحادی جماعتوں کو ووٹ دینے پر مجبورکرنا ہے۔بی جے پی نے ذلت آمیز شکست کے خوف سے وادی کشمیر میں براہ راست اپنے امیدوارکھڑے نہیں کئے ہیں۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیر واعظ عمر فاروق کو اپنے والد میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید کی برسی کے سلسلے میں آج سرینگر کے علاقے راجوری کدل میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت سے روک دیا گیا۔

ممتاز آزادی پسند رہنماؤں میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدلغنی لو ن اور شہدائے حول کے یوم شہادت کے موقع پر منگل مختلف تقاریب کا انعقادکیاجائے گا۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشیدمنہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں عالمی برادری سے بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہزاروں کشمیریوں بشمول حریت رہنماؤں کی رہائی کیلئے مداخلت کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے حریت رہنماؤں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر سخت تشویش بھی ظاہر کی۔