Wednesday, 17 June 2026, 12:14:33 pm
 
صدر،وزیراعظم کی نئے ہجری سال کے آغاز پر پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد
June 17, 2026

صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نئے ہجری سال 1448 کے آغاز پر پاکستانی قوم اور پوری اسلامی دنیا کو دلی مبارکباد دی ہے۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے قوم پر زور دیا کہ برداشت کو فروغ دیں، قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنائیں، قومی اتحاد کو مستحکم کریں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مثبت کردار ادا کریں۔

اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نئے ہجری سال کے آغاز پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں برداشت، محبت، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں نواسہ رسول حضرت امام حسین کی عظیم قربانیوں اور سانحہ کربلا کی آفاقی تعلیمات کی بھی یاد دلاتا ہے۔اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ اسلامی سال کا بابرکت آغاز ایران اور امریکہ کے درمیان تنازعہ کے پرامن حل کی اطلاعات کے ساتھ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے کیونکہ امن کے قیام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہیں۔انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں دیانت داری، محنت، باہمی احترام، رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں۔