وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ 21 اپریل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔
وہ اسلام آباد میں انسداد پولیو مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے دیگر خطرناک بیماریوں کے خلاف مدافعت کیلئے معمول کی ویکسی نیشن کی ملک گیر فراہمی کو سو فیصد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بنیادی سطح پر آگاہی پیدا کرنے اور لوگوں کو متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پولیو ٹیموں کے کام کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کو ان پر فخر ہے، کیونکہ وہ مشکل حالات میں اس مہلک مرض کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کیلئے قومی اور بین الاقوامی اداروں اور شراکت داروں کے کردار کو بھی سراہا۔