Friday, 16 October 2026, 10:06:15 pm
 
عالمی بینک گروپ کا نجی شعبے کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ
October 16, 2026

عالمی بینک گروپ نے نجی شعبے کی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں میں مدد کا اعادہ کیا ہے۔

اس بات کا اعادہ عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا نے جمعہ کے روز بینکاک میں وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ سے ملاقات کے دوران کیا۔

اجے بنگا نے کاروباری اداروں اور ان سے مستفید ہونے والوں کے لیے پائیدار نتائج یقینی بنانے کی صلاحیت رکھنے والے مالیاتی اداروں اور نجی شراکت داروں کے محتاط انتخاب کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

وفاقی وزیر نے سرمایہ کاری، جدت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے محرک کے طور پر نجی شعبے کو مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا، جس میں دو ہزار اٹھائیس تک چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے لیے مالی معاونت دوگنا کرنے کا ہدف بھی شامل ہے۔

فریقین نے مستقبل کی منصوبہ بندی پر مبنی ایسی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا جو پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کو عالمی بینک گروپ کی  مہارت اور سرکاری و نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کی صلاحیت کے ساتھ ہم آہنگ کرے۔