Friday, 16 October 2026, 10:01:12 pm
 
ایک ماہ کے اندر مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجرا بند کر دیا جائیگا،طارق فضل چودھری
October 16, 2026

 قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ حکومت نے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجرا بند کرنے اور مکمل طور پر الیکٹرانک پاسپورٹ پر منتقل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

پارلیمانی امور کے وزیر طارق فضل چوہدری نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ ایک ماہ کے اندر مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجرا بند کر دیا جائے گا، جس کے بعد پاسپورٹ دفاتر اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں سے صرف ای پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے۔

تاہم، انہوں نے کہا کہ پہلے سے جاری کیے گئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اپنی مقررہ میعاد ختم ہونے تک کارآمد رہیں گے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ  ای۔ پاسپورٹ میں ایک الیکٹرانک چپ سمیت جدید حفاظتی خصوصیات شامل ہیں۔ اس الیکٹرانک چِپ میں پاسپورٹ رکھنے والے شخص کا بائیومیٹرک اور ذاتی تفصیلات محفوظ ہونگی جس سے شناخت کی تصدیق کا عمل بہتر ہو گا اور پاسپورٹ میں جعل سازی، ردوبدل یا دھوکہ دہی پر مبنی استعمال کی روک تھام میں مدد ملے گی۔