وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو کاروباری برادری سے رابطے مزید مضبوط بنانے اور ان کے حقیقی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ایف بی آر اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے ایف بی آر کے اعلی افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی کا دورہ کریں، کاروباری برادری سے براہِ راست رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کا فوری حل یقینی بنائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری برادری معیشت میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور پیداوار بڑھانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا پاکستان کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور رواں سال معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال ثابت ہوگا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ چینی، سیمنٹ، تمباکو، ٹائلز اور کھاد کی صنعتوں میں پیداوار کی نگرانی کے نظام نصب کیے جا چکے ہیں، جبکہ ٹیکسٹائل اور مشروبات کی صنعتوں میں بھی ایسے نظام کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔