پاکستان اور عمان نے مختلف شعبوں کے وسیع تر اُمور میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط کرنے اور انہیں وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار بدھ کے روزاسلام آباد میں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے اختتام پر نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسیدی نے مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اجلاس کا اہم نتیجہ متعدد مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام اور انہیں فعال بنانے کے ذریعے ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فریقین نے جلد پاکستان میں کاروباری اداروں کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ کے فورم کے انعقاد پر اتفاق کیا۔
عمان کے وزیر خارجہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمان پاکستان مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس نے دوطرفہ تعلقات کی صورت حال کا جائزہ لینے اور عمان اور پاکستان کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کی نشاندہی کا موقع فراہم کیا۔
انہوں نے مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے اور خطے میں سفارتی کوششوں کی حمایت کرنے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا، جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان بات چیت میں پاکستان کا کردار بھی شامل ہے۔