Thursday, 15 October 2026, 01:33:38 am
 
وزیراعظم کا زراعت، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ کیلئے قرضوں کی بروقت فراہمی پر زور
October 14, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے اس امر پرزوردیا ہے کہ قومی معیشت کو فروغ دینے کے لیے زراعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور ہاسنگ کے شعبے کو قرضوں کی بروقت فراہمی  ناگزیر ہے۔

وہ  بدھ کے روز اسلام آباد میں زراعت، ہاؤسنگ اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے شعبوں کیلئے مالی وسائل تک رسائی کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے قومی ترقی کے ان ترجیحی شعبوں کے لیے قرضوں کی فراہمی میں فعال کردار ادا کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے کم کارکردگی دکھانے والے بینکوں پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں تاکہ حکومتی سطح پر ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

وزیراعظم نے اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم کے تحت درخواست گزاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے حکام کو دستاویزات کی شرائط مزید آسان بنانے بالخصوص ملکیتی دستاویزات کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے ڈویلپرز کی مالی معاونت سے متعلق کمیٹی کی سفارشات کو حتمی شکل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال ایک لاکھ پچیس ہزار رہائشی یونٹس کے لیے سات سو ارب روپے کی مالی معاونت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ہاؤسنگ فنانس کی درخواستوں پر کارروائی کا دورانیہ کم کرکے  پندرہ کاروباری دن کر دیا گیا ہے، جبکہ اس سلسلے میں مطلوبہ دستاویزات کی تعداد پچیس سے کم کرکے صرف پانچ کر دی گئی ہے۔