وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مختلف ممالک کے ساتھ شراکت داری میں امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب منتقلی اور پائیداراصلاحات کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں سٹی میکرو فورم کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معاشی منظرنامے اور اصلاحاتی ترجیحات کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیرِ خزانہ نے معاشی استحکام کے عمل میں مسلسل پیشرفت، مسلسل 3 سال سے بنیادی مالیاتی سرپلس، 22 سال کی کم ترین سطح پر مالیاتی خسارے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانے کے اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے رواں مالی سال کے دوران معاشی شرحِ نمو 4 فیصد یا اس سے زیادہ رہنے کی امید بھی ظاہر کی۔
اس کے علاوہ محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے خودمختار سرمایہ کاروں کے گول میز اجلاس میں پاکستان کی معاشی پیش رفت کے بارے میں سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا۔
انہوں نے پائیدار ڈھانچہ جاتی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط، ٹیکس قوانین پر موثر عمل درآمد سمیت سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی ترقی پر زور دیا۔