Friday, 14 March 2025, 10:24:51 pm
 
قومی اسمبلی میں صدرمملکت کے پارلیمان سے خطاب پربحث جاری
March 14, 2025

قومی اسمبلی میں صدر کے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر بحث جاری ہے۔

عثمان بدنی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے بلوچستان کے عوام کی شکایات دُور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسائل خصوصاً دہشتگردی کے خاتمے کے حل کیلئے ملکر کام کرنا چاہئے۔

سحر کامران نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے پرسکیورٹی فورسز کو سراہا۔

امور داخلہ کے وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملے میں ملوث کالعدم تنظیم بی ایل اے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب پر آج بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر بی ایل اے کے سہولت کاروں سے بھی اسی طرح نمٹا جائیگا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ بلوچستان لبریشن آرمی اور تحریک طالبان پاکستان دونوں ایک ہی طرز کی تنظیمیں ہیں اور انہیں ہمسایہ ملک کی پشت پناہی حاصل ہے۔

ایوان کا اجلاس پیر کے دن دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔