نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت گلگت بلتستان کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کی قیادت نے وزیراعظم کو مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان میں گندم کی پیداوار پر سبسڈی کی فراہمی کا معاملہ زیرِ بحث آیا۔ وزیراعظم نے گلگت بلتستان کو وفاق کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے گلگت بلتستان کی قیادت کو حکومتی سبسڈی پر انحصار کرنے کی بجائے قابلِ کاشت زمین کی زرعی استعداد کو مکمل طور پر بروئے کار لا کر خود انحصاری لانے کی تلقین کی۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام شعبوں کواپنے اپنے شعبے میں خود انحصاری پیدا کرنے کی طرف اپنی توجہ اور توانائی مرکوز کرنی ہو گی تب ہی ملکی معیشت بحالی کے رستے پر گامزن ہو گی۔
گلگت بلتستان کابینہ کے وزراء نے وزیراعظم کو گلگت میں سرمایہ کاری اور کاروبارکے فروغ کے لئے تجاویز دیں۔
وزیراعظم نے حکام کو گلگت بلتستان کی معاشی بحالی کے لیے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے بیشتر مسائل کا حل علاقے میں بیرونی سرمایہ کاری سے منسلک ہے۔
اجلاس میں گلگت بلتستان میں فرقہ وارانہ انتشار کی بنا پر امن و امان کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، اور مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
اجلاس میں متعلقہ نگران وفاقی وزراء، گلگت بلتستان کابینہ کے اراکین، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور متعلقہ اعلیٰ افسران شامل تھے۔