Monday, 02 December 2024, 12:46:18 am
 
وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں کئی منصوبوں کا افتتاح کیا
November 06, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے گلگت بلتستان میں کئی منصوبوں کا افتتاح کیاہے جن کا مقصد علاقے کی ترقی وخوشحالی یقینی بنانا ہے۔

اس سلسلے میں مکمل ہونے والے منصوبوں کی افتتاحی تقریب آج (بدھ کو )گلگت میں منعقد ہوئی۔

ان منصوبوں میں نلتر ایکسپریس وے، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں انجینئرنگ بلاک، بلتستان یونیورسٹی کی تعمیر کا منصوبہ اور گلگت بلتستان کے طول وعرض میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی شامل ہیں۔

وزیراعظم نے عطاآباد جیل پن بجلی منصوبے، Harpo پن بجلی منصوبے، علاقائی گرڈاسٹیشن اور ہنزہ کے پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

 اس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ گلگت بلتستان میں ان بڑے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ۔

انہوں نے نوجوانوں کو آئی ٹی کی ضروری مہارتیں سکھانے کی ضرورت پر بھی زوردیا کیونکہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں ہنرمند افرادی قوت کیلئے روزگار کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

ڈوگرہ راج سے آزادی کیلئے گلگت بلتستان کے عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کوتسلیم کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے یقین دلایا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اوران کی قربانیاں پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیںگی ۔