Wednesday, 12 March 2025, 08:50:15 am
 
وزیرخزانہ کا ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کرکام کرنے کے عزم کا اعادہ
March 11, 2025

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقوام متحدہ سمیت اپنے ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے جس کا مقصد پائیدار ترقیاتی اہداف پورے کرنا اور ملک کا محفوظ اور تابناک مستقبل یقینی بنانا ہے۔

وہ آج(منگل) اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ رابطہ کار محمد یحییٰ کے زیرقیادت ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے۔

پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فاضل اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ رابطہ کار کے دفتر کے سربراہ AKFE BOOTSMANاور اقوام متحدہ کے آبادیاتی فنڈ کے نمائندے ڈاکٹر لوئے SHABANEH بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات سے قرضوں کے انتظام ان کی تشکیل نو، موسمیاتی شعبے سے متعلق فنڈز کی فراہمی،پائیدار ترقیاتی اہداف اور پاکستان کی سبز توانائی پر منتقلی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے بینکاری اور سرمایہ کاری سے متعلق منصوبے وضع کرنے اور ان پر عملدرآمد کے لئے ترقیاتی شراکت داروں سے تکنیکی معاونت کے حصول کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا جس کی عالمی معیار کے مطابق باقاعدہ نگرانی کی جائے گی۔

انہوں نے عالمی بینک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری پر بھی روشنی ڈالی جس میں خاص طور پر آبادی پر قابو پانے اور غربت کے خاتمے سے متعلق دو اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جو پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان طے پانے والے دس سالہ کنٹری شراکت داری کے لائحہ عمل کا حصہ ہیں۔