پاکستان اور کروشیا نے اپنے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور انہیں نئی جہت دینے کیلئے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس حوالے سے اتفاق رائے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین کے درمیان آج اسلام آباد میں ملاقات کے دوران ہوا۔
بعد میں ایک مشترکہ پریس اسٹیک آئوٹ میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، افرادی قوت کے تبادلے، ویزے کی سہولت، تعلیم، دفاع، موسمیاتی تبدیلی، سیاحت، بنیادی ڈھانچے، آئی ٹی اور بندرگاہوں کے شعبوں میں اشتراک عمل سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فریقین نے دونوں وزارت خارجہ کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت سے متعلق مفاہمت کی یادداشست کو مکمل فعال بنانے اور باقاعدگی سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے جس میں B2B تبادلوں کی حمایت بھی شامل ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے کروشیا کو پاکستان کی سرمایہ کاری کیلئے سازگار پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔