Friday, 10 July 2026, 04:57:20 am
 
بیرونِ ملک مقیم پاکستانی "پاکستان سب سے مقدم" کے قومی پیغام کو اپنا شعار بنائیں، احسن اقبال
July 09, 2026

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے اپنے دورۂ شمالی کیلیفورنیا کے دوران پاکستانی برادری کے اعزاز میں منعقدہ تعارفی ناشتے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر "پاکستان سب سے مقدم" کے قومی پیغام کو اپنا شعار بنائیں اور ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار ترقی اور معاشی خودمختاری کا انحصار برآمدات، جدید ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کی ترقی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا اُڑان پاکستان پروگرام ملک کو علم پر مبنی، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور پائیدار معیشت میں تبدیل کرنے کے لیے ایک جامع قومی حکمتِ عملی ہے، جس کے تحت 2035 تک پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت اور برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی برآمدات کے سفیر بن کر سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، کاروباری روابط اور عالمی منڈیوں تک رسائی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، لہٰذا پاکستانی نژاد امریکی برادری دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مضبوط پل ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، روبوٹکس، جینومکس اور کوانٹم کمپیوٹنگ کے قومی مراکزِ قائم کر رہی ہے تاکہ پاکستان کو مستقبل کی معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔ انہوں نے امریکہ۔پاکستان نالج کوریڈور کا بھی ذکر کیا، جس کے ذریعے عالمی معیار کی جامعات کے تعاون سے اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل انسانی وسائل تیار کیے جا رہے ہیں۔

تقریب کے دوران شرکاء کے ساتھ تفصیلی تبادلۂ خیال میں پاکستان کے جدید ایکو سسٹم اور ٹیکنالوجی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر نے سلیکون ویلی کے معروف ادارے پلگ اینڈ پلے ٹیک سینٹر کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید امیدی سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے کاروباری اداروں اور اختراعی نظام کو عالمی سطح سے جوڑنے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

شمالی کیلیفورنیا میں اپنی دیگر مصروفیات کے دوران وفاقی وزیر نے مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ سلیکون ویلی کے ممتاز ماہرین سے بھی ملاقات کی اور پاکستانی نژاد امریکی برادری کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کی۔ ان ملاقاتوں میں مصنوعی ذہانت، کاروباری مواقع، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

شمالی کیلیفورنیا میں مقیم پاکستانی برادری نے سرمایہ کاری، علم، تجربے اور ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کی معاشی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔