Wednesday, 12 March 2025, 09:24:34 am
 
پاکستان کی اسرائیلی وزیراعظم کے حالیہ بیان کی واضح انداز میں سخت مذمت
February 09, 2025

پاکستان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوکے حالیہ بیان کی واضح انداز میں سخت مذمت کی ہے جس میں انہوں نے فلسطینی عوام کیلئے سعودی عرب میںریاست کے قیام کی تجویز دی ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار نے آج(اتوار کو) ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کا بیان غیر ذمہ دارانہ' اشتعال انگیز اور مضحکہ خیزہے جس سے فلسطینیوں کے جائز حق خودارادیت اوران کے تاریخی اور قانونی علاقے پر ایک خودمختارریاست کے موقف کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان اظہار یکجہتی کیلئے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور فلسطینیوں کے جائز مقصد کیلئے جدوجہد پر ثابت قدمی سے ان کا ساتھ دینے پر سعودی عرب کے کردار کو سراہتاہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا سعودی عرب کے غیر متزلزل موقف کو نقصان پہنچانے کی کوشش اور فلسطین کیلئے اس کے عزم کی غلط تشریح انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان1967 ء سے قبل کی سرحدوں اور القدس الشریف کے بطور دارالحکومت کے ساتھ فلسطینی عوام کیلئے ایک خودمختار ریاست کے قیام پر پختہ یقین رکھتاہے۔

اسحاق ڈار نے کہا فلسطینی عوام کو ان کے آبائی وطن سے بے دخل کرنے یا انہیں کہیں اور منتقل کرنے کی کوئی بھی تجویز ناقابل عمل ہے جو بین الاقوامی قانون' اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انصاف کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتاہے کہ وہ اس اشتعال انگیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے امن عمل کو نقصان پہنچانے کی مسلسل کوششوں پر اسرائیل کامحاسبہ کرے۔