Wednesday, 12 March 2025, 09:39:31 am
 
وزیراعظم پیر سے متحدہ عرب امارات کا دو روزہ سرکاری دورہ کریںگے
February 09, 2025

وزیراعظم محمدشہبازشریف کل(پیر) سے متحدہ عرب امارات کا دو روزہ سرکاری دورہ کرینگے جہاں وہ دبئی میں عالمی حکومتوں کے سربراہ اجلاس میں شرکت کرینگے۔

سربراہ اجلاس میں بڑی تعداد میں سربراہان مملکت و حکومت، عالمی پالیسی ساز اور نجی شعبے کی ممتاز شخصیات شرکت کریںگی جس میں نظم و نسق، جدت اور بین الاقوامی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور کابینہ کے دوسرے اہم ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد وزیراعظم کے ہمراہ ہو گا جو پاکستان کے متحدہ عرب امارات اور دوسرے عالمی شراکت داروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران سربراہ اجلاس سے کلیدی خطاب کرینگے جس میں وہ مجموعی اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل شعبے پر منتقلی اور نظم و نسق میں اصلاحات کے لئے پاکستان کے وژن کو اُجاگر کرینگے۔وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سربراہ اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف ملکوں کے سربراہان مملکت و حکومت اور اہم بین الاقوامی کمپنیوں کے سی او ازسے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریںگے۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی اعتماد' مفاہمت اور دیرینہ دوطرفہ تعاون پر مبنی گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔

متحدہ عرب امارات تمام شعبوں میں مضبوط اشتراک عمل کے ساتھ پاکستان کے بڑے معاشی اور تزویراتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی بڑی تعداد میں موجود ہے جو د نیاکے کسی بھی ملک میں مقیم پاکستانیوں کی دوسری بڑی تعداد ہے اوروہ دونوںملکوں کے درمیان پل کاکردار ادا کرتے ہوئے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی کامیابی کیلئے کوشاں ہیں۔

وزیراعظم کے دورے سے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کومزیدمستحکم بنانے کے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کااظہار ہوتا ہے جس سے بے مثال معاشی تعاون مزید مضبوط ہوگا اور دوطرفہ خوشحالی کیلئے تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔