Wednesday, 15 January 2025, 10:45:11 am
 
ملک بھر میں مختلف دورانیے کی انسداد پولیو مہم پیر سے شروع
September 08, 2024

ملک بھر میں مختلف دورانیے کی انسداد پولیو مہم کل سے شروع ہورہی ہے ۔

مہم کے دوران پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیںگے۔

پنجاب میں لاہور، راولپنڈی اورفیصل آباد کے اضلاع میں سات روزہ مہم کے دوران     ایک کروڑ انتالیس لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیںگے۔

جب کہ اٹک، چکوال، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور،    رحیم یار خان ، اوکاڑہ ، شیخوپورہ اورگوجرانوالہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں پانچ روزہ مہم کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیںگے۔

خیبرپختونخوا میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کیلئے پینتیس ہزار دو سو انسٹھ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں  جو گھر گھر جاکر ہربچے کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کویقینی بنائیںگی۔

ادھر صوبہ سندھ کے ضلع حیدرآباد میں ایک پولیو کیس سامنے آنے پر سات روزہ ہنگامی پولیو مہم کو شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے  جبکہ صوبے کے دیگر انتیس اضلاع میں چورانوے لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیںگے۔

بلوچستان میں ایک ہفتے پرمشتمل پولیو مہم کے دوران گیارہ ہزار سے زیادہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

صوبائی ہنگامی کارروائیوں کے رابطہ مرکز نے والدین ذرائع ابلاغ اور تمام شہروں پرزوردیا ہے کہ  وہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردارادا کریں۔