File Photo
وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ اُن کے ادارے میں گزشتہ سال کے دوران عوامی شکایات کے اندراج اور اُن کی دادرسی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
آج (منگل) اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال دو لاکھ چھبیس ہزار تین سو اکہتر شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے دو لاکھ تئیس ہزار ایک سو اکہتر کے فیصلے کئے گئے جو گزشتہ سال کی نسبت سولہ فیصد زیادہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب کے ادارے کی جانب سے کئے گئے تقریباً 93 فیصد فیصلوں پر عملدرآمد بھی ہو گیا ہے۔وفاقی محتسب نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مظفر آباد اور گلگت بلتستان میں گلگت کے مقام پر نئے ریجنل دفاتر کھولے گئے ہیں جس سے وفاقی محتسب کے ملک میں دفاتر کی تعداد چوبیس تک ہو گئی ہے۔اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ ملک کے دُور دراز اور پسماندہ علاقوں میں وفاقی محتسب کے دفاتر کے قیام سے عوام کو اُن کے گھروں کی دہلیز پر انصاف مل رہا ہے۔