Monday, 07 September 2026, 04:13:35 pm
 
طالبان رجیم کی ہٹ دھرمی اور پابندیاں افغان عوام تک امداد کی راہ میں بڑی رکاوٹ
September 07, 2026

اقوام متحدہ نے افغانستان میں انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں مداخلت کے باعث ملک میں انسانی بحران مزید سنگین ہو رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور(اوچا) کی رپورٹ کے مطابق، طالبان کی مداخلت کے باعث جولائی میں افغانستان میں اٹھارہ امدادی پروگرام معطل رہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امدادی پروگراموں کے نفاذ میں مداخلت اور منظوری میں تاخیر کے باعث ضرورت مند افراد تک امداد کی فراہمی شدید متاثر ہوئی۔

اوچا کے مطابق خواتین پر عائد پابندیاں بھی انسانی امدادی سرگرمیوں میں سنگین رکاوٹ کا باعث بن رہی ہیں اور جولائی میں ایسے گیارہ واقعات رپورٹ ہوئے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جولائی کے دوران امدادی کارکنوں اور امدادی اثاثوں کے خلاف تشدد کے بارہ واقعات ریکارڈ کیے گئے، جبکہ بارہ امدادی کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔

ماہرین کے مطابق امدادی سرگرمیوں میں مداخلت، رکاوٹیں اور خواتین امدادی کارکنوں پر پابندیاں افغانستان میں جاری انسانی بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں غیر ضروری مداخلت اور پابندیاں افغان عوام کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔