کینیڈا نے افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال کو انتہائی غیر مستحکم اور خطرناک قرار دیتے ہوئے اپنے شہریوں کو افغانستان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کینیڈین حکومت نے افغانستان سے متعلق نئی ٹریول ایڈوائزری میں اپنے شہریوں کو سفر سے گریز کرنے اور افغانستان میں موجود افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں غیر ملکیوں کو اغوا، دہشت گردی اور بلاجواز گرفتاریوں کے شدید خطرات لاحق ہیں، جبکہ کابل سمیت ملک بھر میں دہشت گرد حملوں کا خطرہ موجود ہے۔
کینیڈین حکومت نے کہا کہ افغانستان میں سرگرم دہشت گرد گروپ غیر ملکیوں، صحافیوں اور دیگر شہریوں کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔ شہریوں کو اپنے حفاظتی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
عالمی ماہرین کے مطابق طالبان حکومت بین الاقوامی وعدوں کی تکمیل میں بدستور ناکام ہے، جس کے باعث عالمی برادری افغانستان سے فاصلہ اختیار کر رہی ہے۔امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک بھی اپنے شہریوں کو افغانستان کے سفر کے حوالے سے سخت سفری ہدایات جاری کر چکے ہیں۔