Sunday, 09 March 2025, 08:52:53 am
 
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منفی پراپیگنڈا کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ
March 06, 2025

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منفی پراپیگنڈا کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے دس ارکان کو کل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کیلئے طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے قائم کردہ جے آئی ٹی نے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ پھیلانے والے ملزمان کو طلب کرلیا ہے۔

نوٹسز میں واضح طور پر ان افراد کو اس معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کے پاس اس معاملے میں ان افراد کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

واضح رہے کہ جے آئی ٹی کی تشکیل الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 کے تحت کی گئی تھی۔

جے آئی ٹی انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کی سربراہی میں تحقیقات کر رہی ہے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف بیان بازی اور بے بنیاد الزامات لگانے والے افراد کی تحقیقات کر رہی ہے۔