وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کو فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عرانچی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے ایران کے وزیر خارجہ کے طور پر پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کرنے پر سید عباس عرانچی کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنائی اور صدر مسعود پزشکیان کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی تشویشناک صورتحال بھی زیر غور آئی۔
شہباز شریف نے غزہ میں فوری جنگ بندی، انسانی ہمدردی کے تحت امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی اور فلسطینی عوام کو خود ارادی کا بنیادی حق دینے کی ضرورت پر زور دیا جس کی ضمانت اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی متعلقہ قراردادوں میں دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے گزشتہ ماہ کی چھبیس تاریخ کو ایران پر اسرائیلی حملے کی ایک بار پھر پُرزور مذمت کی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے اصولی موقف پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خطے کی صورتحال کے بارے میں ایران کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔