وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025ء کی منظوری دے دی ہے ۔
وفاقی کابینہ کو جس کا اجلاس آج (منگل کو )وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا بتایاگیا کہ آئندہ حج میں پاکستانی عازمین کا کوٹہ ایک لاکھ اناسی ہزار دوسو دس ہوگا ۔
یہ کوٹہ حکومت اور نجی شعبہ کے مابین برابر تقسیم ہوگا ۔
حج پالیسی کے مطابق اس سال بارہ سال سے کم عمر بچوں کو حج کیلئے سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
کابینہ نے ہدایت کی کہ حج قرعہ اندازی میں پہلی بار حج کرنے والوں کو ترجیح دی جائے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اسٹیٹ بنک کی جانب سے شرح پالیسی میں حالیہ کمی کو صنعتی اور زرعی ترقی کیلئے ایک اہم پیشرفت قراردیاہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے یقین ظاہرکیاکہ اب لوگ اپنا سرمایہ لگائیں گے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کیلئے پاکستانی وفد کی روانگی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مختلف شعبوں میں تعلقات کو فوری طورپر فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آذربائیجان کے صدر نے پاکستان کے ساتھ دو ارب ڈالر کے معاہدوں پردستخط کرنے پرآمادگی ظاہر کرنے کا پیغام بھی بھیجا ہے ۔