اقتصادی امور کے وزیر احد خان چیمہ نے ورسک بجلی گھر منصوبے کی بحالی کیلئے پانچ کروڑ یورو قرضہ کی منظوری پر یورپی سرمایہ کاری بینک کو سراہا ہے۔
وہ ایشیاء اور بحرالکاہل کے لئے بینک کے سربراہ BUMSTEINAS EDVARDS کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرر ہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دوطرفہ روابط سے وسیع شراکت داری کی مختلف راہیں کھلیں گی۔
ای آئی بی کے وفد نے دوسر ے عالمی مالیاتی اداروں کے مالی تعاون سے چلنے والے منصوبوں سمیت مختلف کلیدی منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی۔
بینک نے اہمیت کے حامل متعدد منصوبوں کیلئے قرضوں کی فراہمی اور مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
ان منصوبوں میں این ۔پانچ شاہراہ کی کشادگی شامل ہے جس کا مقصد سڑک کے ذریعے رابطے کو بہتر بنانا اور نقل و حمل کو سہولت دینا ہے اسی طرح وفد نے پن بجلی اور قابل تجدید توانائی کے منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔