Monday, 09 September 2024, 06:05:52 pm
 
وزیر اعظم نے سیلاب میں پھنسے لوگوں کی جانیں بچانے پر ڈرائیور محب اللہ کے جذبے کو سراہا
September 04, 2024

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا قلعہ عبداللہ میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو اپنی جان کی پراوہ کئے بغیر بچانے والے ایکسکویٹر ڈرائیور محب اللہ کا وزیرِ اعظم ہاؤس میں استقبال۔

وزیرِ اعظم نے محب اللہ کی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے اپنی جان کی پراوہ نہ کرنے کے جذبے کی پذیرائی کی اور کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو آپ پر فخر ہے اور میں آپکے انسانیت سے محبت کے جزبے کی دل سے قدر کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آپ قوم کے ہیرو ہیں، آپ نے ہمت سے کام لے کر قیمتی انسانی جانیں بچائیں اور ایسے مشکل حالات میں اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر انسانی جانوں کو بچانا بہادری کا کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے مصیبت میں گھرے لوگوں کو بچا کر قومی فریضہ ادا کیا۔

محب اللہ کی بہادری کے اعتراف میں وزیرِ اعظم نے حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں 25 لاکھ روپے کے انعام سے بھی نوازا، و زیرِ اعظم نے محب اللہ کے بچوں کیلئے یونیورسٹی تک کی تعلیم مفت اور انکے خاندان کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔

محبّ اللہ نے کہا کہ میرے لئے یہ بہت اعزاز کی بات ہے کہ میں ملک کے وزیرِ اعظم سے ملاقات کر رہا ہوںاور میں نے کبھی سوچا نہ تھا کہ میری ملک کے وزیرِ اعظم سے ملاقات ہوگی۔

میں نے لوگوں کی جانیں بچاتے وقت قطعا نہیں سوچا تھا کہ یہ بات پورے ملک میں مشہور ہو جائے گی، میں و زیرِ اعظم اور حکومت کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس اقدام کی پزیرائی کی اور میرے لئے اپنا قیمتی وقت نکالا۔

میں وزیرِ اعظم ہاؤس آمد پر وزیرِ اعظم کی جانب سے اتنی عزت ملنے پر دل سے مشکور ہوں۔

ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وزیرِ اعظم کی کوارڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔