وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ ملک کی معاشی ترقی مضبوط مالیاتی نظم و ضبط، مہنگائی میں کمی اور ادائیگیوں کے سازگار توازن پر منحصر ہے۔
انہوں نے یہ بات جے پی مورگن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امین محمد خواجہ کی قیادت میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے آج(بدھ) کو اسلام آباد میں ملاقات میں کہی۔
وزیر خزانہ نے کاروبار دوست ماحول کے تسلسل کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اقتصادی اشاریے بہتر بنانے میں پاکستان کی اہم پیش رفت پر روشنی ڈالی جس میں برآمدات میں چودہ فیصد اضافہ، مہنگائی میں نواعشاریہ چھ فیصد تک کمی اور کرنٹ اکانٹ خسارے میں مجموعی کمی شامل ہے۔
وفد نے سازگار کاروباری ماحول کے قیام کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات کی امید ظاہر کی۔
وزیر خزانہ نے وفد کو ان کے سرمایہ کاری منصوبوں میں سہولت فراہم کرنے میں حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے میں ان کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔