Wednesday, 15 January 2025, 05:46:52 pm
 
قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ حکومت بجلی ترسیل کے نظام میں بہتری پرکام کر رہی ہے
September 04, 2024

آج(بدھ) کو قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ حکومت ملک میں بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری پر کام کر رہی ہے۔

وزیراطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ نے ایوان زیریں میں ایک توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم باقاعدگی سے کے الیکٹرک اور بجلی کی دیگر تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے ان کی استعداد کار بہتر بنانے کے اقدامات پر بریفنگ لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے دوسوبیس میگاواٹ کے شمسی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے گا جس سے کراچی کے رہائشیوں کو درپیش مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

اس سے قبل وقفہ سوالات کے دوران وزیر پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں فیڈرز کے نقصانات کی بنیاد پر اپنے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیس فیصد تک نقصان والے فیڈرز بجلی بندش سے مستثنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے پہلے مرحلے میں ٹرانسفارمرز پر سمارٹ میٹر لگائے جائیں گے۔

پارلیمانی امور کے وزیر نے ایوان کو بتایا کہ پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ توانائی کے مرکب کو متنوع بنانے کے حکومت کے وژن کے مطابق متبادل اور قابل تجدید توانائی کی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر اٹھاون متبادل اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے جن کی مجموعی صلاحیت تین ہزار آٹھ سو سینتیس میگاواٹ ہے ان میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے اٹھارہ سوپینتالیس میگاواٹ کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے امور کے پارلیمانی سیکرٹری احسان الحق باجوہ نے کہا کہ گزشتہ سال آٹھ لاکھ ساٹھ ہزار پاکستانیوں کو قانونی طور پر ملازمت کے لیے بیرون ملک بھیجا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بالخصوص خلیجی ممالک میں بھیک مانگنے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے دیگر محکموں کے تعاون سے ایک لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان کوسٹ گارڈز ترمیمی بل مجریہ دوہزار چوبیس ایوان میں پیش کیا۔

بل پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ سمگلنگ کے ناسور کے کاتمے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

شیر افضل خان مروت کے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ملکی برآمدات میں چودہ فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارہ اور مہنگائی کی شرح بھی کم ہو رہی ہے، اور عزم ظاہر کیا کہ ایف بی آر کے محصولات کے اہداف پورے کیے جائیں گے۔

وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملکی گیس کے ذخائر ختم ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سپلائی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جس میں تیل اور گیس کی تلاش اور ایل این جی کی درآمد کے لیے نئے بلاکس دینا شامل ہیں۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ تیل اور گیس کی آف شور تلاش کے لیے ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک پیکج تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجودہ وسائل کو بہتر بنائیں۔

ایوان کا اجلاس اب کل دن گیارہ بجے ہوگا۔