یونیسیف نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث آفات کے منفی اثرات سے بچوں کو بچانے کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام جاری رکھنے کا عزم ظاہرکیا ہے ۔
اس عزم کا اظہار پاکستان میں یونیسیف کے کنٹری نمائندے عبداﷲ اے FADIL نے آج اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کی کوآرڈی نیٹر رومینہ خورشید عالم سے ملاقات میں کیا ۔
اس موقع پر رومینہ خورشید عالم نے کہاکہ بچوں میں موسمیاتی اثرات سے عدم تحفظ کے مسئلے کا حل بالخصوص صحت، تعلیم ، پانی اور صفائی کے شعبوں میں موثر اقدامات کے بغیر ممکن نہیں ۔
انہوں نے صحت کے بنیادی ڈھانچے ، موسمیاتی تبدیلی کے باعث صحت کو لاحق خطرات کے حل کیلئے خدمات ، محفوظ تعلیمی سہولیات کی تعمیر اور ایسی حکمت عملی پرسرمایہ کاری کرنے پر زوردیا جن کا مقصد اس اس بات کو یقینی بنانا ہو کہ موسمیاتی اثرات کی وجہ سے بچوں کی تعلیم کا سلسلہ منقطع نہ ہو ۔
یونیسیف کے نمائندے نے وزیراعظم کی معاون کو بچوں میں موسمیاتی عدم تحفظ کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے حکومت کی کوششوں میں یونیسیف کی ہرممکن مدد کا یقین دلایا ۔