Monday, 08 June 2026, 06:04:23 am
 
پاک فضائیہ کا ملکی سطح پر تیار کیے گئے تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ
January 03, 2026

پاک فضائیہ نے ملکی سطح پر تیار کیے گئے تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جو قومی فضائی اور دفاعی صلاحیتوں کے حصول میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔

تیمور کروز میزائل روایتی جنگی ہتھیار لے کر 600 کلومیٹر تک دشمن کے زمینی اور سمندری اہداف کو انتہائی درست نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جدید ترین نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے لیس، تیمور کو انتہائی کم اونچائی پر پرواز کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس سے اسے دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام سے موثر طریقے سے بچنے کے قابل بنایا گیا ہے۔

اس کے درست حملے کی صلاحیت سے پاک فضائیہ کے روایتی دفاع اور آپریشنل صلاحیتوں میں واضح بہتری آئی ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران، ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا جنہوں نے جدید ہتھیاروں کے اس نظام کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔

ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے اس شاندار کامیابی پر سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کی پوری ٹیم کو تہہ دل سے مبارکباد دی۔

ائیر چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس طرح کی کامیابیاں تکنیکی طور پر خود کفالت حاصل کرنے اور علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال میں قابل اعتماد روایتی دفاعی صلاحیت کو برقرار رکھنے کے قوم کے عزم کا ثبوت ہیں۔