افغان طالبان رجیم میں امن وامان کےحالات بدترین ہوچکے ہیں اور افغانستان دن بدن عالمی تنہائی کا شکار ہورہا ہے۔ آسٹریلیا نے سکیورٹی خطرات کے باعث اپنے شہریوں کو افغانستان کے سفر سے سختی سے روک دیا۔
آسٹریلوی محکمہ خارجہ اینڈ ٹریڈ کی ویب سائٹ سمارٹ ٹریولر پر جاری ایڈوائزری میں آسٹریلوی شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ افغانستان کا سفر نہ کریں۔ ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں آسٹریلوی شہری زخمی اور ہلاک ہوئے جبکہ انہیں غیر قانونی طور پر حراست میں بھی رکھا گیا۔
آسٹریلوی محکمہ خارجہ کے مطابق افغانستان کا کوئی بھی حصہ محفوظ نہیں ہے، حتیٰ کہ دارالحکومت کابل بھی خطرے سے خالی نہیں۔ آسٹریلوی شہری سیاحتی، ثقافتی سرگرمیوں یا اہلِ خانہ سے ملاقات کیلئے بھی افغانستان کا سفر نہ کریں۔
امریکا، برطانیہ، کینیڈا سمیت متعدد ممالک نے اپنے شہریوں پرافغانستان سفر کی پابندی لگا رکھی ہے۔ اس حوالے سے تجزیہ کار ڈاکٹرارم سرور کا کہنا ہے کہ افغانستان کی صورتحال اب بھی خطرناک اورغیر یقینی ہے جہاں پر ملکی اورغیر ملکی شہریوں کیلئے حالات غیر محفوظ ہیں۔
مختلف ممالک نے اپنےشہریوں کو افغانستان کے سفرسےروکنا واضح ثبوت ہے کہ طالبان رجیم ملک میں امن وامان قائم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔